رفح (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اتوار کے روز قابض اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی کی وحشیانہ خلاف ورزی کرتے ہوئے بمباری کی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید اور دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ قابض فوج نے ان پولیس اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ رفح کے مشرق میں الشوکہ کے علاقے میں امداد کی تقسیم کے عمل کو سکیورٹی فراہم کررہے تھے۔
وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ آج صبح ایک اسرائیلی بمباری میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک تیسرا شدید زخمی ہو گیا، تاہم بعد میں زخمی پولیس اہلکاربھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مقامی ذرائع نے رفح کے مشرق میں اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جسد خاکی خان یونس کے یورپی ہسپتال پہنچائے جانے کی تصدیق کی۔ ان کی شناخت یوسف خالد شیخ العید، ابراہیم سعدی شیخ العید اور بلال علی المغاری کے ناموں سے کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے اس جرم کی مذمت کرتے ہوئے ثالث ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض ریاست فلسطینی پر پولیس فورس کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرانے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
کل ہفتے کو شہری عماد حمدی الشاعر رفح شہر کے مشرق میں واقع قصبے الشوکہ میں ابو حلاوہ کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے۔