رفح (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں آج بدھ کو ایک شہری شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
ایک طبی ذرائع نے بتایا کہ44 سالہ شہید طارق حلاوہ کو شدید زخمی حالت میں خان یونس کے غزہ یورپی ہسپتال پہنچایا گیا۔ انہیں ڈرون طیارے کے ذریعے نشایا گیا تھا۔
قابض فوج نے رفح کے علاقے سلطان میں السقا سٹریٹ کے داخلی دروازے پر رہائشی عمارتوں کو بھی دھماکے سے اڑا دیا۔
منگل کے روز غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے اعلان کیا کہ اس سال 19 جنوری کو غزہ کی پٹی میں جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے قابض فوج کی جانب سے براہ راست فائرنگ سے مزید 92 فلسطینی شہید اور 822 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
البرش نے نشاندہی کی کہ غزہ کی پٹی میں قابض فوج کی طرف سے گرائے گئے بموں کی باقیات کے پھٹنے سے دو فلسطینی شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہونے والوں کی تعداد 24 تک پہنچ گئی جس سے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد شہداء کی کل تعداد 118 ہو گئی ہے۔
البرش نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ صحت کی ٹیموں نے 641 شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالیں۔ ان میں سے تقریباً 197 کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
وزارت صحت نے اعلان کیا کہ 7 اکتوبر 2023 ءسے اب تک اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 48,219 ہوچکی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 111,665 بتائی جاتی ہے۔
اس تناظر میں گورنمنٹ میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل ثوابتہ نے تصدیق کی کہ قابض اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے فیصلے کے آغاز سے لے کر آج تک 265 سے زائد خلاف ورزیاں کی ہیں۔