غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج میں آپریشنز ڈویژن کے سربراہ میجر جنرل اودید باسیوک نے اپنا استعفیٰ چیف آف سٹاف کو پیش کر دیا تاہم مؤخر الذکر نے انہیں اسرائیل کو درپیش موجودہ چیلنجز میں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کو کہا ہے۔
اناطولیہ ایجنسی نے اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے حوالے سے بتایا ہے کہ باسیوک قابض فوج کے درجہ بندی میں چیف آف اسٹاف ایال ازمیر اور ان کے نائب کے بعد تیسرے آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا استعفیٰ چیف آف اسٹاف ہرزی ہلیوی کی جگہ لینے سے دو دن قبل متوقع تھا، جس کے نتیجے میں ایال کو ان کی جگہ پر تعینات کیا گیا تھا۔
اخبار نے اطلاع دی ہے کہ باسیوک نے قابض فوج سے ریٹائر ہونے کے اپنے ارادے کا اعلان نئے چیف آف سٹاف کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں کیا تھا، جس نے ان کی درخواست قبول کر لی، لیکن آپریشنل چیلنجوں کی روشنی میں آنے والے مہینوں تک اس عہدے پر برقرار رہنے کو کہا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق آپریشنز ڈویژن کی کارکردگی کی تحقیقات میں 7 اکتوبر 2023 کو آپریشن طوفان الاقصیٰ کے حوالے سے کوئی غفلت یا بڑی کوتاہیاں نہیں پائی گئیں، تاہم توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ڈویژن کے کمانڈر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، اور امکان ہے کہ وہ رواں سال کے موسم گرما کے آغاز میں ریٹائر ہو جائیں گے۔