غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی سرزمین پر جاری نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم کی ایک اور ہولناک تصویر سامنے آئی ہے۔ غزہ میں قائم سرکاری میڈیا دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیل دانستہ طور پر پورے غزہ میں بدامنی، خوف اور تباہی کی فضا پیدا کر رہا ہے۔ اس کا مقصد صرف ایک ہے وہ فلسطینیوں کو بھوکا مارنا اور فاقہ کشی کے عالم میں انہیں قتل کرنا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ قابض اسرائیلی ریاست کی فطرت ہی مجرمانہ ہے اور وہ بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اہل غزہ کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ مہینوں سے یہ ظالم ریاست جان بوجھ کر فاقہ زدہ شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ کبھی ڈرون حملوں سے، کبھی ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ کر کے اور کبھی ٹینکوں کی گولہ باری کے ذریعے ان نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو محض اپنے بچوں کے لیے چند دانے کھانے کی تلاش میں نکلتے ہیں۔
دفتر نے بتایا کہ گزشتہ 100 دنوں کے دوران کچھ امدادی ٹرک غزہ کے مختلف علاقوں تک تو پہنچے، لیکن ان پر یا تو قابض اسرائیل نے حملے کیے یا ان پر ایسی مسلح گروہوں نے قبضہ کیا جنہیں درپردہ قابض ریاست کی سرپرستی حاصل ہے۔ ان گروہوں کا مقصد غزہ میں میدان عمل کو مزید پُرآشوب بنانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جب فاقہ زدہ فلسطینی شہری آٹے اور غذا کے حصول کے لیے جمع ہوتے ہیں، تو قابض اسرائیلی فوج کی ٹینکیں اور کواڈ کاپٹر ڈرونز ان پر براہ راست گولیاں برساتے ہیں۔ یہ لرزہ خیز مناظر بار بار دہرائے گئے ہیں اور ان کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ یہ معصوم شہری ہاتھوں میں خالی برتن لیے واپس لوٹ جاتے ہیں، کیونکہ قابض اسرائیل نے گزشتہ 100 دنوں سے تمام بارڈر کراسنگ بند کر رکھی ہیں۔ نہ صرف امداد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، بلکہ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی امدادی اداروں کا کام بھی کھلے عام روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، قابض اسرائیل کی سرپرستی میں آٹا اور خوراک کی لوٹ مار منظم طریقے سے جاری ہے۔
سرکاری میڈیا دفتر نے اس سفاک اور مجرمانہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام جرائم کی ذمہ داری براہ راست قابض اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ یہ فوضی صورت حال ایک منظم نسل کشی ہے جس کا نشانہ ہمارے معصوم اور محصور عوام ہیں۔
بیان کے آخر میں عالمی برادری سے فوری مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ کے نہتے عوام کی حفاظت کے لیے فوری اقدام کرے، قابض اسرائیل کی جرائم پر مبنی کارروائیوں کو روکے، اور محاصرے کو ختم کر کے اقوامِ متحدہ کے اداروں کے ذریعے امداد کی آزادانہ ترسیل کو یقینی بنائے، تاکہ غزہ کے محصور اور بھوکے عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔