نابلس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی وحشیانہ یلغار نے ایک بار پھر مغربی کنارے کے شہر نابلس کو خون میں نہلا دیا۔ منگل کی شام قابض فوج نے اعلان کیا کہ نابلس کے پرانے شہر میں پیش آئے ایک واقعے میں اس کے چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ مگر اس خبر کے پیچھے فلسطینی عوام پر ڈھائے گئے ظلم و ستم کی طویل داستان چھپی ہوئی ہے۔
صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ نابلس میں دو نوجوانوں کی تلاشی کے دوران انہوں نے ایک فوجی کا اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، جس پر “غلطی سے” فائرنگ ہوئی اور ایک فوجی درمیانے درجے جبکہ تین معمولی زخمی ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فورسز نے “جوابی کارروائی” کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ تاہم تاحال فلسطینی ذرائع سے شہادت کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی۔
مگر حقیقت ان دعوؤں سے بہت مختلف ہے۔ مقامی صحافیوں اور عینی شاہدین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے پرانے شہر کے داخلی راستے پر موجود دو فلسطینی نوجوانوں کو روکا، ان کی تلاشی لی اور پھر ان پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ ایک نوجوان کو پہلے ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کیا گیا اور دوسرے کو زمین پر گرا کر انتہائی قریب سے سر میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔
اسی دوران دھماکے کی آواز سنائی دی اور علاقے میں زہریلے دھوئیں کا پھیلاؤ شروع ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے دستی بم اور گیس کا استعمال بھی کیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے فجر سے ہی نابلس کے پرانے شہر پر حملہ شروع کر رکھا تھا، جس کے دوران مزید فوجی کمک بھی شہر میں داخل کی گئی۔ اس دوران نہتے شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی ہلال احمر کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی فوج کے اس حملے میں 82 فلسطینی شہری زخمی ہوئے، جن میں 4 افراد کو گولیوں کے شعلے چھوئے۔ ایک 17 سالہ نوجوان کے سینے میں گولی لگی جو انتہائی خطرناک صورتحال میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
9 فلسطینیوں کو فوجی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایک نوجوان اونچائی سے دھکا دے کر گرایا گیا، ایک کو سر پر پتھر مارا گیا اور ایک کو اسرائیلی فوجی گاڑی سے کچل دیا گیا۔ مزید ایک فلسطینی کی ٹانگ میں براہ راست گولی ماری گئی۔
ہلال احمر نے بتایا کہ 65 شہری زہریلی اور آنسو گیس کے باعث دم گھٹنے کی حالت میں مبتلا ہوئے، جن میں 18 ماہ کی ایک ننھی بچی بھی شامل ہے، جسے فوری طور پر نابلس کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے ہلال احمر کے امدادی عملے کو بھی نہ بخشا، ان پر براہ راست زہریلی گیس پھینکی گئی، جس کے باعث دو ایمبولینس اہلکار ہسپتال پہنچائے گئے۔