بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کو روندتے ہوئے جنوبی لبنان میں ایک نیا حملہ کیا ہے۔ منگل کی صبح قضاء صور کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
لبنانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق یہ حملہ قابض اسرائیل کے ڈرون کے ذریعے کیا گیا جو المنصوری اور مجدل زون کے درمیان سڑک پر ایک موٹر سائیکل پر نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں۔
لبنان کے مختلف ذرائع ابلاغ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملے میں ایک شخص شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ یہ بمباری ایک سکول کے قریب کی گئی، جس سے بچوں میں شدید خوف اور گھبراہٹ کی لہر دوڑ گئی۔
واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2023ء کو اسرائیل نے لبنان پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جو 23 ستمبر 2024ء کو ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہو گئی۔ اس ظالمانہ جنگ کے نتیجے میں اب تک 4 ہزار سے زائد لبنانی شہید اور 17 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ تقریباً 14 لاکھ افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر بے سروسامانی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
پچھلے سال27 نومبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی اسرائیل کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل اب تک اس معاہدے کی کم از کم 2780 بار خلاف ورزی کر چکا ہے، جن میں 200 افراد شہید اور 491 زخمی ہوئے ہیں۔