نابلس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے غاصب یہودی آبادکاروں نے جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی اور شمالی علاقوں، بالخصوص الخلیل اور نابلس میں فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں پر وحشیانہ حملے کیے، جن کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان زخمی جبکہ کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، مشرقی الخلیل کے علاقے “دوار البلوطہ” کے قریب صہیونی آبادکاروں کے ایک گینگ نے فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں پر حملہ کیا، انہیں مرچوں والے اسپرے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دورا قصبے کے رہائشی یونس الرجوب زخمی ہو گئے۔
ادھر قابض آبادکاروں کے ایک اور گروہ نے مشرقی الخلیل کے علاقے “بین عون” کے داخلی راستے پر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا۔ یہ علاقہ صہیونی کالونی “کریات اربع” سے گھرا ہوا ہے، جو کہ آبادکاروں کی جارحیت کا مستقل مرکز بنا ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی شدت میں اس وقت اضافہ دیکھنے میں آیا جب غاصب آبادکار مختلف ٹولیوں میں سڑکوں پر نکل آئے اور الخلیل کے دیہی علاقوں اور قصبوں کو آپس میں جوڑنے والی شاہراہوں پر فلسطینیوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
اسی تسلسل میں آج صبح نابلس کے جنوب میں واقع اللبن الشرقیہ کے قریب بھی قابض آبادکاروں نے فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں پر دھاوا بولا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، آبادکاروں نے نہ صرف گاڑیوں کو پتھراؤ کا نشانہ بنایا بلکہ کئی ایک کو شدید نقصان بھی پہنچایا۔ ایک گاڑی کے شیشے مکمل طور پر ٹوٹ گئے۔
اس کے علاوہ نابلس کے جنوب میں واقع “زعترہ چوک” پر بھی فلسطینیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا۔ ان حملوں سے فلسطینی عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جب کہ قابض فوج کی طرف سے ان جرائم میں ملوث آبادکاروں کے خلاف کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔
یہ حملے اس حقیقت کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں کہ قابض اسرائیل کی سرپرستی میں یہودی آبادکار منظم طریقے سے فلسطینیوں کی زندگی کو اجیرن بنا رہے ہیں، اور مغربی کنارے کو بھی غزہ کی طرح ظلم و ستم کی تجربہ گاہ میں تبدیل کرنے کی کوشش جاری ہے۔