کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطینی عوام کے یوم نکبہ کی مناسبت سے جامعہ نمل کراچی کے شعبہ انگلش کی جانب سے تحفظ انسانی حقوق میں حائل مشکلات اور ان کا حل سے متعلق موضوع پر سیمینار کا انعقاد جمعرات کو کیا گیا۔ سیمینار سے جامعہ نمل کراچی کے ریجنل ڈائرکٹر بریگیڈیئر (ر) علی حیدر کاظمی، ماہر امور بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر خالدہ غوث اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا جبکہ سیمینار میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائرکٹر نمل عدنان صدیقی، شعبہ انگلش کی ڈاکٹر شہلا انوار، مدد علی سمیت مختلف شعبہ جات کے اساتذہ میں ڈاکٹر فضلی حسین، ڈاکٹر عاصم ،ڈاکٹر نبیل احمد، بلال سیالوی، حسن احمد، نمرا نوید، شہلا قاسم، سمیہ ہاشمی، علیزہ احمد، سبین خان اور دیگر موجود تھے۔
فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 76 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تحفظ انسانی حقوق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) علی حیدر کاظمی کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مشترکہ کوشش کرنا ہو گی۔ فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالدہ غوث نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی ہو رہی ہے۔ عالمی برادری سفارتکاری میں ناکام ہو چکی۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے نظریہ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کی حمایت کرنے والے طلباء و اساتذہ کی گرفتاری کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جامعات میں عالمی مسائل پر سیمینار اور مذاکرہ کے پروگرام ہونا چاہیئں اس سے نوجوان طلباء کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ آج ہم نکبہ کی یاد منا رہے ہیں۔ نکبہ فلسطینیوں کے لئے بہت بڑی تباہی ہے لیکن فلسطینی عوام آج بھی اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں اور ہم ان کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس جیسی نو آبادیاتی طاقتوں نے فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل کو جنم دیا تاکہ پورے ایشیائی ممالک پر اپنا تسلط قائم رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانی مسئلہ ہے اور انسانیت کو قتل کیا جا رہا ہے ہمیں اپنا پنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
اس موقع پر ریجنل ڈائرکٹر نے مہمانوں کو جامعہ نمل کراچی کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔