اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر فلسطینی وفد نے اسلام آبا دمیں پاکستان کے معروف سیاستدا ن اور سینیٹر مشاہد حسین سید سے ملاقات کی۔ سینیٹر مشاہد حسین نے فلسطینی وفد کو خوش آمدید کیا اور پر تپاک استقبال کیا۔
فلسطینی وفد کی قیادت مجلس علمائے فلسطین کے صدر شیخ ادیب یاسر جی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ عالمی مہم برائے حق واپسی فلسطین کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم موجود تھے۔
فلسطینی وفد کے شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے کہ جس کے قائدین،قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال پاکستان کے قیام سے قبل ہی مسئلہ فلسطین کی حمایت میں پیش پیش تھے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر مشاہد حسین جیسی شخصیات پاکستا ن کے لئے عظیم نعمت ہیں۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حالیہ جنین کیمپ کے واقعات پر بریفنگ بھی دی۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان واحد غیر عرب ملک ہے کہ جس نے دو عرب اسرائیل جنگوں میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کمزور ہو ر ہا ہے۔فلسطینی عوام کی جدوجہد قابل تعریف ہے۔ہم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر فلسطینی وفد نے سینیٹر مشاہد حسین کو آئندہ ماہ عالمی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے اختتام پر فلسطینی وفد نے مشاہد حسین کو فلسطینی اسکارف اور دیگر تحائف بھی پیش کئے۔