اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطین کی مزاحمت نے عالمی سیاست کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئر مین علامہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابرابو مریم اور وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر صابر ابو مریم کی قیادت میں علامہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سات اکتوبر سے شروع ہونے والے آپریشن طوفان اقصیٰ اور اس کی کامیابیوں سمیت خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج خطے میں اسلامی مزاحمت نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ کمزور ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کو آج فلسطین سمیت خطے میں ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی ایجنٹ مسئلہ فلسطین کو سبو تاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان کے بانیوں کا فلسطین پر واضح موقف ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے مطابق اسرائیل ایک ناجایز ریاست ہے۔ آج پاکستان میں جو بھی دوریاستی حل کی بات کرتا ہے وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ اور افکار سے رو گردانی کا مرتکب ہو رہا ہے اور عوام ایسے لوگوں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرگرمیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں ڈاکٹر واصف، قاسم خان اور شہریارسمیت دیگر بھی موجو دتھے۔