کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ملی یکجہتی کونسل سندھ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن کے سرپرست اراکین نےمنگل کے روز کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےفلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم نکبہ کی مناسبت سے ’’عشرہ نکبہ ‘‘ 7مئی تا 16مئی منانے کا اعلان کیا ۔پریس کانفرنس کی میزبانی مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے کی گئی تھی ۔کانفرنس سے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ صادق جعفری، ڈاکٹر صابر ابو مریم ،ثقلین اسحاق، مفتی مرتضی رحمانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام کو77سال ہو چکے ہیں فلسطینی عوام ہر سال 15مئی یو م نکبہ یعنی فلسطین مٰ ہونے والی تباہی و بربادی کا دن مناتے ہیں۔ اسی دن غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے برطانیہ ، فرانس اور امریکی حکومت کی مدد سے فلسطین پر ناجائز تسلط قائم کیا تھا۔ ان کاکہنا تھا کہ ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کے ساتھ ہونے والی خیانت اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔ آج روزانہ فلسطینی عوام پر نکبہ گزر رہا ہے۔ ہر آنے والا دن گزرنے دن سے زیادہ بد تر ہے۔
مقررین نے کہا کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور اسرائیل غاصب صیہونیوں کی ایک ناجائز او ر غاصب ریاست ہے ۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے قیا پاکستان سے قبل ہی فلسطین کے خلاف ہونے والی سازشوں پر شدید رد عمل دیا اور قیام پاکستان کے بعد واضح اور دوٹوک موقف اپناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اگر کوئی اسرائیل سےتعلقات بنانے کی بات کرے گا تو وی نظریہ پاکستان سے غداری کا مرتکب قرار پائے گا۔ مقررین نے حکومت سے سوال کیاکہ پاکستانی شہری کس کی اجازت سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل جا رہےہیں یہ قائد اعظم کے نظریات اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی توہین ہے۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ یوم نکبہ کی مناسبت سے ملک بھر میں آگہی مہم چلائی جائے گی اور اس عنوان سے مورخہ 7مئی کو کراچی کے ایک مقامی ہا ل میں ذاکرین کی یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ نو مئی کو بعد نماز جمعہ مختلف مساجد میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ آئمہ مساجد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نماز جمعہ کے خطبات میں مسئلہ فلسطین کو خصوصی طور پر بیان کریں، اسی طرح 15مئی کو یوم نکبہ کی مناسبت سے کراچی پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہر ہ کیا جائے گا جبکہ16مئی کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور جمعہ نما ز کے اجتماعات میں عالمی استعماری قوتوں امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کی فلسطین کے خلاف سازشوں سے متعلق خصوصی مواد بھی تقسیم کیا جائے گا۔
مقررین نے ہندوستان حکومت کی جانب سے جاری دھمکی آمیز رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ دے دیکھنے والوں کو پوری قوم اپنے اتحاد کے ساتھ بھرپور جواب دے گی ان کاکہنا تھا کہ امریکہ اور استعماری طاقتیں خطے میں پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم رکھنا چاہتی ہیں اور ہندوستان کی حکومت امریکی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہندوستان کی حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں کیونکہ امریکہ کی پھیلائی ہوئی آگ سے خود ہندوستان بھی محفوظ نہیں رہے گا۔