فلسطین کے لیے اسلم کی حمایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر کے معروف فنکاروں اور ممتاز شخصیات کی اکثریت نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ محصور انکلیو پر جن اسرائیلی حملوں میں ہزاروں فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، یہ شخصیات ان کے خلاف آواز اٹھانے کے ممکنہ ناخوشگوار نتائج سے خوفزدہ ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے اپنے غزہ فنڈ میں تعاون کے لیے گلوکار عاطف اسلم کا “دلی کی گہرائیوں سے شکریہ” ادا کیا جو غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
خیراتی ادارے نے ایکس پلیٹ فارم پر کہا، “ہم محترم عاطف اسلم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس مشکل وقت میں غزہ اور فلسطین کے لیے ضروری طبی اور غذائی امداد کے لیے 15 ملین روپے سے اس کام میں فراخدلانہ شرکت کی۔”
وسطی غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ زدہ انکلیو پر حملے تیز کرنے کے بعد اتوار کے روز سینکڑوں فلسطینی جاں بحق ہو گئے جبکہ امدادی ٹرکوں کا ایک اور قافلہ حماس کے زیرِ انتظام علاقے میں پہنچ گیا جہاں ضروری سامان کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
حماس کے عسکریت پسندوں کے 7 اکتوبر کو سرحد پار سے اسرائیل میں داخل ہونے کے بعد یہ تنازعہ شروع ہوا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق کم از کم 1,400 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے اسرائیل کی تاریخ کے بدترین حملے میں 200 سے زائد افراد کو یرغمال بھی بنا لیا۔
اسرائیل نے ایک مسلسل بمباری مہم کے ساتھ جوابی حملہ کیا جس میں غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک 4,600 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔