پاکستان(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن ) راولپنڈی پاکستانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلیے فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیرصدارت جی ایچ کیو میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں غزہ-اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باعث معصوم شہریوں کے جانی نقصان پرتشویش کااظہار کیا گیا۔
اس موقع پر جنرل سید عاصم منیر نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔