Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

غزہ :وزارت داخلہ, قتل عام میں ملوث نہ ہونے والے عناصر کی معافی کا اعلان

غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) غزہ کی وزارتِ داخلہ و قومی سلامتی نے اعلان کیا ہے کہ ان تمام افراد کے لیے عام معافی اور توبہ کا دروازہ کھولا جا رہا ہے جو مسلح گروہوں اور جرائم پیشہ ٹولیوں سے وابستہ تھے لیکن جن کے ہاتھ عوام کے خون سے آلودہ نہیں۔ اس فیصلے کا مقصد ایسے عناصر کو موقع دینا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور سماجی حیثیت درست کر سکیں۔

وزارت داخلہ نے اتوار کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر مسلط کی گئی نسل کشی کی جنگ کے خاتمے کے بعد فائر بندی کا نفاذ عمل میں آ چکا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ غزہ میں امن و امان کی بحالی، استحکام کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے فوری اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ داخلی وحدت اور معاشرتی توازن کو مضبوط کیا جا سکے۔

وزارت نے وضاحت کی کہ جنگ کے دوران بعض جرائم پیشہ گروہوں نے پیدا شدہ افراتفری کا فائدہ اٹھا کر عوامی نظم و نسق کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں میں حصہ لیا، شہریوں کی املاک پر قبضے کیے، انسانی امداد پر ڈاکے ڈالے اور سماجی سکون کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کی۔ ان گروہوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے کسی کی جان نہیں لی اور نہ ہی اپنے ہی عوام کے خلاف کسی قتل یا سنگین جرم میں شریک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ انصاف، قومی ذمہ داری اور داخلی اتحاد کی اقدار کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت داخلہ و قومی سلامتی یہ اعلان کرتی ہے کہ جو بھی ان گروہوں میں شامل رہا لیکن قتل و خونریزی میں ملوث نہیں، وہ خود کو سکیورٹی اداروں کے حوالے کر کے عام معافی حاصل کر سکتا ہے۔

وزارت نے واضح کیا کہ ایسے تمام افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پیر 13 اکتوبر 2025ء کی صبح سے لے کر اتوار 19 اکتوبر 2025ء کی شام تک، یعنی ایک ہفتے کی مقررہ مدت کے اندر خود کو سکیورٹی اداروں کے حوالے کریں تاکہ ان کے قانونی و سکیورٹی معاملات کا باقاعدہ تصفیہ کر کے ان کے کیسز کو ہمیشہ کے لیے بند کیا جا سکے۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ جو افراد قانون کی خلاف ورزی جاری رکھیں گے یا خود کو سکیورٹی اداروں کے حوالے کرنے سے انکار کریں گے، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزارت نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی صورت میں عوامی سلامتی یا شہریوں کے حقوق کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور جو شخص متنبہ ہونے کے باوجود باز نہ آیا وہ خود اپنی ذمہ داری پر نتائج بھگتے گا۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan