کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کےسیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیت یاہو کا بیان سعودی عرب کی سالمیت پر حملہ ہے اور کھلی جارحیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ نیتن یاہو نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ سعودی عرب کے پاس بہت زیادہ زمین ہے تاہم فلسطینی ریاست کو سعودی عرب میں بنا لیا جائے۔
فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی نے اسرائیلی وزیر اعظم کے ا س بیان پر شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے تاہم فلسطینیوں کو فلسطین سے نکالنے کی بجائے فلسطین پر قابض اور غاصب صیہونی آباد کاروں کو نکال کر الاسکا یا گرین لینڈ میں آباد کیا جائے۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے واضح کیاہے کہ کسی بھی مسلمان ملک کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فلسطین پر فلسطینیوں کا حق ہے اور سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے تاہم امریکہ اور اسرائیل کو جازت نہیں دیں گےکہ وہ ہمارے اسلامی ممالک کی سالمیت پر حملہ کریں۔ انہوںنے سعودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے خلاف سخت سے سخت عملی اقدامات اٹھانے کے لئے سعودی حکومت اقدامات کرے او ر خطے میں موجود اس کینسر کو جڑ سےاکھاڑنے میں مسلم امہ کی قیادت کرے۔اسرائیل صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا اور خطے کے ممالک اور ان کی حکومتوں کا دشمن ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیل نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ نشر کیا تھا جس میں سعودی عرب کی زمینوں کو بھی گریٹر اسرائیل کا حصہ شمار کر کے دکھایاگیا تھا۔