نابلس (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے جنوب مشرق میں واقع قصبے عقربا کے مشرق میں واقع خیربہ الطویل میں یہودی آباد کاروں کے حملے میں پیر کی شام دو شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی قابض فوج کی سرپرستی میں مسلح یہودی شرپسندوں نے خربہ الطویل میں شہریوں اور چرواہوں کے گھروں پر حملہ کیا۔
مکینوں اور آباد کاروں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران قابض فورسز نے براہ راست گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں دو شہری گولی لگنے سے شہید ہوگئے۔
عقربا کے میئر صلاح الدین بنی فضل نے سناد نیوز ایجنسی کے نامہ نگارکو تصدیق کی کہ فلسطینی رابطہ کار نے انہیں شہریوں محمد ابراہیم غازی بنی جماع اور عبد مہر فارس بنی فضل کی شہادت کی اطلاع دی۔
حالیہ دنوں میں، مغربی کنارے، خاص طور پر نابلس اور رام اللہ گورنریٹس میں آباد کاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت نازک اور شدید زخمی ہے۔