صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے کہا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کو خلیج عدن میں سینٹرل پارک آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا۔ ایل ایس سی جی ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ چھوٹے آئل ٹینکر کو اسرائیل کی ملکیت والی کمپنی ’’زوڈیم میری ٹائم لمیٹڈ چلاتی ہے۔ اس کمپنی کا ہیڈکوارٹرز لندن میں ہے اور یہ ایک بین الاقوامی شپ مینجمنٹ کمپنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کو خلیج عدن میں ایک اسرائیلی کمپنی سے منسلک ایک آئل ٹینکر کو روک لیا۔ عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ نامعلوم تعداد میں مسلح افراد نے 26 نومبر کو خلیج عدن میں ٹینکر ایم وی سینٹرل پارک کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔ امریکی اور اتحادی افواج اس کے آس پاس موجود ہیں اور نگرانی کر رہے ہیں۔ اسی شپنگ روٹ پر اسی طرح کے حادثات کی ایک سیریز کے بعد صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے یمنی حوثیوں کی جانب سے جنوبی بحیرہ احمر میں اسرائیل سے منسلک ایک کارگو جہاز پر قبضہ کرلیا گیا تھا۔ حوثی گروپ نے مزید اسرائیلی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ ایک ہفتہ قبل یمنی حوثی گروپ نے ایک ویڈیو کلپ شائع کیا تھا جس میں بحیرہ احمر میں ایک جہاز کو کنٹرول کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال دکھایا گیا تھا۔
گروپ نے کہا تھا کہ اس نے بحیرہ احمر میں ساحل کی طرف سفر کرتے ہوئے ایک اسرائیلی بحری جہاز پر کنٹرول کرلیا ہے اور اس سمندر میں تمام اسرائیلی بحری جہاز اس کے لیے جائز ہدف ہوں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے کہا تھا کہ بحری جہاز پر حوثیوں نے ایرانی ہدایات کے تحت حملہ کیا ہے۔