غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی جاری فوجی درندگی کے نتیجے میں غزہ کی ہسپتالوں میں 50 شہداء اور 184 زخمیوں کو لایا گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری یومیہ اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے امداد کے منتظر فلسطینیوں کو بھی براہ راست نشانہ بنایا جس میں 5 فلسطینی شہید اور 48 زخمی ہوئے۔
وزارت کے مطابق رزق کی تلاش میں امداد کے انتظار میں کھڑے رہنے والے فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد اب 2 ہزار 571 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 18 ہزار 817 سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت صحت نے متنبہ کیا کہ بڑی تعداد میں شہداء اور زخمی اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں جہاں تک ریسکیو اور ایمبولینس عملہ اب تک نہیں پہنچ سکا۔
فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سنہ2023ء سے قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 66 ہزار 55 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 168 ہزار 346 تک جا پہنچی ہے۔
18 مارچ سنہ2025ء کو قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد سے آج تک مزید 13 ہزار 187 فلسطینی شہید اور 56 ہزار 305 زخمی ہو چکے ہیں۔