اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین کے قریب فلسطینی اراضی پر تعمیر ہونے والی “شکیڈ” بستی کو پیر کی شام فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی تنظیم “ریسکیو ودآؤٹ بارڈرز” نے مزید کہا کہ جینین کے قریب شکیڈ بستی میں ایک مکان کو نقصان پہنچا اور مکان کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے جنین کے قریب شکیڈ بستی کو نشانہ بنانے والے فائرنگ کے حملے کے بعد آباد کاروں کو قلعہ بند جگہوں پر رہنے کو کہا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ مزاحمت کاروں نے جنین کے مغرب میں واقع ریحان چوکی کو نشانہ بنایا۔
اتوارکو فلسطینی مزاحمتی کارکنوں نے مزاحمت کی 20 کارروائیاں کیں۔ فلسطین انفامیشن سینٹر “معطی” کی طرف سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آباد کاروں اور قابض فوجیوں کوپانچ مقامات پر فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی قابض فوج اور آباد کاروں کے اہداف پر 207 حملے کیے، اس کے علاوہ یہودی بستیوں کےآباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کیا اور اسرائیلی گاڑیوں اور فوجی ساز و سامان کو تباہ کیا۔