پاکستان کی مشہور معروف درسگاہ جامہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین انسانی مسئلہ ہے اور ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کراچی یونیورسٹی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بانی و قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر اور فلسطین جیسے عالمی مسائل کے لئے رہنما اصول وضع کئے جن کی پیروی کرنا ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنا ہے تو پھر فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل کو منصفانہ انداز میں حل کرنا ہو گا۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو فلسطین کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی کروائی۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر صدف مصطفی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم شریک تھے۔