غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ عراق سے لانچ کیے گئے ایک ڈرون نے بدھ کی شام بحیرہ احمر پر واقع شہر ایلات میں دھماکا کیا اور بتایا کہ ایک اور ڈرون کو روک لیا گیا ہے، جبکہ عراق میں اسلامی مزاحمت نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ ایلات میں ڈرون میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک اسرائیلی زخمی ہوا ہے۔عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اطلاع دی ہے کہ ایلات کی بندرگاہ میں ایک ڈرون میں دھماکہ ہوا جس میں دو اسرائیلی زخمی ہوئے۔
اس تناظر میں اسرائیلی چینل 13 نے کہا کہ ایلات کی طرف دو ڈرون لانچ کیے گئے جس سے مادی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی ابتدائی اطلاعات ہیں۔