بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنان کی سرکردہ مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے مشرقی لبنان میں وادی بقاع کے رہائشیوں کوقابض اسرائیلی فوج کی طرف سے گرائے گئے’کیوآر کوڈ” اور ’’ بار کوڈ” پرمشتمل پفلٹس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے تمام پمفلٹس انتہائی خطرناک ہیں۔
حزب اللہ کے میڈیا آفس نے فون پر اس “بار کوڈ” کو اسکین کرنے کے خلاف خبردار کیا کیونکہ اس آپریشن کو انجام دینے والے کسی بھی ڈیوائس سے “تمام معلومات چوری کرلی جاتی ہیں‘‘۔
دفتر نے اس بات کی نشاندہی نہیں کی کہ آیا ان پمفلٹس میں کوئی اور چیز شامل ہے۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے ابھی تک کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
سوموار کو لبنانی شہریوں کو ان کے موبائل فون پر اسرائیلی انتباہی پیغامات موصول ہوئے جن میں انہیں فوری طور پر اپنے علاقے خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ “بیروت اور کئی علاقوں میں شہریوں کو اسرائیلی دشمن کی طرف سے شروع ہونے والے فکسڈ نیٹ ورک کے ذریعے انتباہی فون پیغامات موصول ہو رہے ہیں”۔
ایجنسی نے وضاحت کی کہ پیغامات میں دشمن کی طرف سے اپنائی گئی نفسیاتی جنگ کے ایک حصے کے طور پر ان سے اپنے علاقے جلد خالی کرنے کو کہا گیا تھا۔
خیال رہے کہ حزب اللہ کی طرف سے یہ وارننگ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہےجب اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید حملے کیے، جس کے نتیجے میں 558 لبنانی شہید اور 1835 زخمی ہوئے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے “فادی 1” اور “فادی 2” میزائلوں سے اسرائیلی فوجی مقامات کو نشانہ بنایا۔