مقبوضہ بیت المقدس قابض اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران جنوبی لبنان میں لڑائیوں میں پانچ فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔
قابض فوج کی ویب سائٹ نے جمعرات کو انکشاف کیا کہ “گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 فوجی زخمی ہوئے جن میں سے 8 لبنان اور 2 غزہ کی پٹی میں لڑائی میں زخمی ہوئے جب کہ گزشتہ روز دونوں محاذوں کی لڑائیوں میں 21 فوجی زخمی ہوئے”۔
ویب سائٹ کے مطابق سات اکتوبر 2023ء کو غزہ پر نسل کشی کی جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں زخمی اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 5,292 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمیوں کی تعداد میں 2402 فوجی بھی شامل ہیں جو غزہ میں زمینی لڑائی میں زخمی ہوئے۔
قابض اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جارحیت کے آغاز سے اب تک 780 فوجی مارے جا چکے ہیں جن میں 368 غزہ میں گذشتہ 27 اکتوبر سے جاری زمینی لڑائی میں ہلاک ہوئے۔