تل ابیب (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے ایک اور افسر کی ہلاکت کے اعلان کے فوراً بعد جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے دوران سات افسران اور فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔
قابض فوج نے یہ بھی اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں لڑائیوں میں سات دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
قابض فوج کے ایک سابقہ بیان میں وضاحت کی گئی تھی کہ “ایگوز” کمانڈو یونٹ کا 22 سالہ افسر لبنان میں لڑائی کے دوران مارا گیا تھا۔
قابض اسرائیلی فوج کا یہ اعلان حزب اللہ کے ارکان اور فوجی دستوں کے درمیان متعدد علاقوں میں جھڑپوں کے تناظرمیں سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اطلاع دی ہے کہ یہ افسر پہلے زخمی تھا جس کی موت کا اعتراف فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی جنگ کے دوران کیا۔
غیر سرکاری اسرائیلی میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ بدھ کی صبح جنوبی لبنان کی نبطیہ گورنری کے العدیسہ قصبے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے چارفوجیوں کی ہلاکت اور 20 دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات ہیں کہ لبنان کے جنوب میں واقع قصبے العدیسہ میں حزب اللہ کی جانب سے تیار کیے گئے حملے میں چار فوجی ہلاک اور یونٹ 669 کے 20 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے کئی فوجی شدید زخمی ہیں جن کی زندگی خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔