غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے خان یونس کے مشرقی علاقے میں قابض اسرائیل کے ایک انجینئرنگ یونٹ پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دشمن اہلکاروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
القسام کی جانب سے جاری کردہ عسکری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی ایک مربوط اور منصوبہ بند گھات (کمین) کے ذریعے انجام دی گئی، جس میں مجاہدین نے دشمن کے پیادہ انجینئرنگ یونٹ کو پہلے اینٹی پرسنل راکٹ سے نشانہ بنایا۔ پھر صفر فاصلے سے آتشیں اسلحے کے ساتھ براہِ راست جھڑپ کی۔ اس کارروائی میں صہیونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق اس کے فوراً بعد مجاہدین نے قابض اسرائیل کے دو ٹینکوں اور ایک فوجی بلڈوزر کو بھی “یاسین 105” راکٹوں سے نشانہ بنایا، جو کہ مشرقی خان یونس کے علاقے الفراحین میں واقع باڑ کے قریب تعینات تھے۔
گذشتہ روز اتوار کو بھی القسام بریگیڈز نے رفح کے مشرقی علاقے الجنینہ میں ایک اور مربوط حملے کی تفصیلات جاری کی تھیں، جس میں قابض اسرائیلی فوج کی ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کارروائی میں بھی قابض فوج کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
قابض اسرائیلی فوج نے اس واقعے میں اپنی انجینئرنگ فورس “یھالوم” کے ایک افسر اور ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جو رفح کے الجنینہ علاقے میں ایک سرنگ کے منہ کا معائنہ کرتے ہوئے نصب بم کے دھماکے کا شکار ہوئے۔