بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی لبنان میں نبطیہ گورنری میں ایک کار کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص شہید اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی قابض فوج نے یحمور قصبے میں ایک کار پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزارت صحت اور لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 8 مارچ سے لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 اور زخمیوں کی 13 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے کل سہ پہر ایک گائیڈڈ میزائل سے فضائی حملہ کیا، جس میں یحمر الشقیف قصبے کے البیدر محلے کی سڑک پر ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا گیا۔
اسی ذریعے کے مطابق ایک وین جو وہاں سے گزر رہی تھی میزائل کی زد میں آگئی اور اس میں آگ لگ گئی۔
قابض اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے علاقے یحمور میں حزب اللہ کے دو عسکریت پسندوں پر حملہ کیا۔
فوج نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملے میں جن دو افراد کو نشانہ بنایا گیا وہ “نگرانی کے عناصر کے طور پر کام کرتے تھے اور دشمنانہ کارروائیوں کی ہدایت کرتے تھے”۔
آٹھ اکتوبر 2023ء کو قابض اسرائیلی نے لبنان کے خلاف جارحیت شروع کی جو 23 ستمبر 2024 کو ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہو گئی۔ اس کے نتیجے میں 4,115 لبنانی شہید اور 16,909 زخمی ہوئے، جن میں بچوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی، اس کے علاوہ تقریباً 14 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔
لبنان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 27 نومبر 2024 کو جنگ بندی کے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے قابض فوج نے 1,188 خلاف ورزیاں کی ہیں، جس میں کم از کم 94 شہری شہید اور 297 زخمی ہوئے ہیں۔