غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض صہیونی فوج نے جمعہ کی شام شمالی غزہ کے جبالیہ قصبے میں ہولناک قتل عام کیا ہے جس کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں جب کہ کئی لاپتا ہیں۔
غزہ میں شہری دفاع نے بتایا کہ قابض فوج نے دردونہ، جنید، عساف اور عزام خاندانوں کے گھروں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں شہری شہید ہوگئے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ جبالیہ میں ایک چار منزلہ عمارت پر بمباری کے نتیجے میں اب تک اس کے ملبے کے نیچے سے 12 شہدا کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 30 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس عمارت کے ملبے کے نیچے مزید 14 خواتین اور بچے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ قابض فوج کے جنگی طیاروں نے جبالیہ میں کئی عمارتوں پر بم باری کی جس کے نتیجے میں 22 فلسطینی شہیداور درجنوں زخمی اور لاپتا ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ عساف خاندان کھر پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں 15 شہری شہید ہوئے ہیں جب کہ ملبے کےنیچے مزید درجنوں افراد دبے ہوئے ہیں۔