غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے پیر کی شام رائٹرز کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے اہم مسائل پر مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ حماس نے اس بات پر زور دیا کہ وہ بقیہ نکات کو جلد مکمل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سمیت اہم امور پر پیش رفت کے مضبوط اشارے کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطری دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات جاری ہیں۔
حماس کے ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی سے متعلق اہم امور پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔
قبل ازیں رائٹرز نے تصدیق کی تھی کہ غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا حتمی مسودہ منظوری کے لیے اسرائیل اور حماس دونوں کو بھیج دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق آدھی رات کے بعد دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں ایک پیش رفت ہوئی، جس میں اسرائیلی انٹیلی جنس رہنما، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی اور قطری وزیراعظم نے مذاکرات میں حصہ لیا۔
دوسری جانب قابض فوج کے وزیر خارجہ گیدون ساعر نے کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اس معاہدے کو جلد مکمل کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
اس کے برعکس اسرائیلی وزیر خزانہ بیزیل سموٹریچ نے اس معاہدے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کو رہا کرنے اور جنگ روکنے کے خیال پر تنقید کی۔
دوسری جانب قیدیوں کے امور کی اتھارٹی کی سربراہ قدورہ فاریس نے تصدیق کی کہ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدے کے قانونی ڈھانچے کو سخت کیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسرائیل ہیرا پھیری نہ کرے۔
کئی مہینوں سے، مصر، قطر اور امریکہ حماس اور قابض اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں، لیکن ان کا نتیجہ کسی معاہدے کی صورت میں نہیں نکلا۔ کیونکہ قابض حکومت نے حماس کے جنگ کے خاتمے، غزہ کی پٹی سے اپنی فوجیں نکالنے اور بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ کی پٹی میں واپسی کے مطالبات کو مسترد کر دیا تھا۔