غزہ – [مرکزاطلاعات فلسطین فاونڈیشن] فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کےجوائنٹ کنٹرول روم نے تمام میدانوں میں مزاحمتی کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ اگر قابض فوج اپنے جرائم کو جاری رکھنے اور اپنی جارحیت پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کرے گی تو جنین کیمپ پر صیہونی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار رہیں۔
جوائنٹ کنٹرول روم کی طرف سے جاری ایک بیان میں غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں قابض صہیونی فوج کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل وغارت گری اور خون خرابے کا گھناؤنا کھیل زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ مزاحمتی قوتیں شہداء جنین کا بدلہ لینے کے لیے پرعزم ہیں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوتیں دشمن کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے اور اس کی جارحیت کو ناکام بنانے کےلیے تیار ہیں۔ بیان میں فلسطینی جماعتوں نے جنین کے عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کاروں کا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ آج سوموار کے روز قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں وحشیانہ کارروائی کے دوران چھ فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فوج کی زمینی اور فضائی کارروائی میں کئی فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔