غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی پناہ گزینوں کےامدادی ادارے ’انروا‘ کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے بدھ کے روز ایجنسی کے جبالیہ کلینک پر قابض اسرائیلی فوج کے حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “غزہ میں تمام سرخ لکیریں بار بار عبور کی گئی ہیں”۔
کمشنر جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی رپورٹس بتاتی ہیں کہ جبالیہ میں عمارت کو نشانہ بنایا گیا تو اس میں 700 سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
یہ عمارت پہلے صحت کا مرکز تھی اور اس سے قبل جنگ میں اسے شدید نقصان پہنچا تھا۔
ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ جب یہ بم حملہ کیا گیا تو اس میں 700 سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں، احاطے اور آپریشنز کے تحفظ کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے حملوں کے حالات اور ان کے ساتھ ہونے والی سنگین خلاف ورزیوں آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ کیمپ میں ’انروا‘ کلینک کو نشانہ بنایا جس کے نتیجےمیں بائیس افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔