جنین پناہ گزین کیمپ پر حملہ کرنے والی صیہونی فوج فلسطینی جنین بٹالین کی جوابی کارروائی کا شکار ہوگئی جس سے 6 صیہونی فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈ کی جنین بٹالین نے اپنے بیان میں کہا کہ الجابریات کے محلوں پر حملے کرنے والے صیہونی فوجیوں کو ہماری فورسز نے بموں اور گولیوں سے نشانہ بنایا ہے جس سے کئی صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔ بیان کے مطابق صیہونی فوجیوں کی ایک گاڑی کو بھی بم سے نشانہ بنایا گیا جو ناکارہ ہوگئی جب کہ فلسطینی مزاحمتی فورسز نے کیمپ کے اردگرد متعین اسنائپروں پر بھی فائرنگ کی۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی تازہ ترین جھڑپ میں ایک فلسطینی شہید اور 25 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
صیہونی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 6 صیہونی فوجی فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی شدید جھڑپ میں زخمی ہوئے ہیں جب کہ صیہونی فوج نے بیت لحم، حوارہ اور جنوبی نابلس میں تین فلسطینوں کی گرفتاری کی بھی خبر دی ہے۔