کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی یوم نکبہ کی یاد میں جاری مہم کے تحت فلسطین اکیڈمک فورم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ کراچی میں شجر کاری کا اہتمام کیا گیا اور ایک سو درخت لگا کر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے 7مئی سے 16مئی تک فلسطینی یوم نکبہ کے عنوان سے عشرہ نکبہ مہم کا اعلان کیا تھا۔اس عنوان سے مختلف شہروں میں پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔
فلسطین اکیڈمک فورم کے اساتذہ کی جانب سے جامعہ کراچی میں شجر کاری کو فلسطینی نکبہ کی یا دسے منسوب کیا گیا ہے۔ تقریب میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ، پاسٹر امانوئیل صوبہ، ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر معروف بن روؤف، ڈاکٹر ذیشان اقبال، ڈاکٹر صالحہ رحمان، ڈاکٹر عاطف اسلم راؤ، ڈاکٹر ندا احمد، ڈاکٹر تحسین احمد، ڈاکٹر محمد ایاز، ڈاکٹر غضنفر علی، ڈاکٹر حمیرا، ثمینہ احمد سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی یوم نکبہ کی یاد میں درخت لگا کر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔