کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے اشتراک سے غزہ اور لبنان کے موضوع پر تصویری نمائش کا انعقاد جمعرات کے روز کیا گیا ۔ تصویری نمائش میں سیکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی اور فلسطین و لبنان میں درپیش مسائل کو اجاگر کیا۔ طلباء و طالبات نے اپنے فن کی مدد سے فلسطین اور لبنان میں غذائی قلت سمیت نسل کشی کے مسائل اور عالمی صیہونی اداروں کے بائیکاٹ کو اجاگر کیا۔
تصویری نمائش میں شہدائے فلسطین اور معصوم بچوں کی تصویروں سمیت امریکہ اور اسرائیل کے مظالم پر مبنی تصویریں بھی آویزاں کی گئی تھیں جبکہ فلسطینی مزاحمت حماس اور حزب اللہ کے شہداء شہید اسماعیل ھانیہ، شہید یحیٰ سنوار ، شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی بڑی بڑی تصویروں کے ساتھ فلسطینی اور لبنانی جھنڈے بھی لگائے گئے تھے۔
تصویری نمائش میں شعبہ فوڈ سائنس کے چیئر مین ڈاکٹر عبد الحق، ڈاکٹر محمد غفران، ڈاکٹر طاہرہ اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکت کی۔ تصویری نمائش کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے طلباء و طالبات کی کوشش کی قدر دانی کی اور غزہ اور لبنان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے کردار پر روشنی ڈالی۔
مقررین کاکہنا تھا کہ غزہ اور لبنان میں جنگ نہیں بلکہ نسل کشی کی جا رہی ہے۔ عوام کو ایک طرف گولہ بارود سے قتل کیا جا رہاہے تو دوسری طرف بھوک اور پیاس کو ہتھیار بنا کر معصوم انسانی جانوں کو موت کی نیند سلایا جا رہاہے۔ انہوںنے عالمی برادری سمیت او آئی سی اور مسلم و عرب ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی کی شدید مذمت کی ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ ایک انسان اور پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ہم مظلوم فلسطینیوں اور لبنانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔تصویری نمائش اور سیمینار کے اختتام پر طلباء و طالبات کو اسناد اور اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔