غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کے فیلڈ ہسپتالوں کے ڈائریکٹر جنرل مروان الہمص نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ ادویات کے داخلے کو روکنے، ہسپتالوں اور طبی عملے کی ناکہ بندی اوراسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے جارحیت کا شکار ہے۔
الہمص نے قطر نیوز ایجنسی (کیو این اے) کو ایک خصوصی بیان میں بتایا کہ قابض افواج کا مقصد غزہ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کا 75 فیصد حصہ ختم کرنے کے بعد اسے تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال کے خلاف جاری جارحیت اور ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ کے قتل اور گرفتاری کو جنگی جرم قرار دیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال میں بچوں کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ پر بمباری کی۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو دوائیوں، خوراک اور کمبل کی کمی اور پرانی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے دوائیں ختم ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فیلڈ ہسپتالوں کے ڈائریکٹر جنرل نے پانی کی کمی غذائیت کی کمی اور بھوک سے موت کے شکار طبی کیسوں میں اضافے کی نشاندہی کی۔ ایسی نظیر جو ڈاکٹروں نے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نسل کشی کی جنگ سے پہلے نہیں دیکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بگڑتی ہوئی صورتحال میں لیبارٹریوں کے سامان کی شدید قلت تک پہنچ گئی ہے۔ قابض ریاست نے طبی معائنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات کے داخلے کو روک دیا ہے۔ انہوں نے غزہ پر اپنی جنگ روکنے کے لیے قابض ریاست پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ صحت کا شعبہ فلسطینی شہریوں کو خدمات فراہم کر سکے۔