مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت، گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں اور تشدد کے نتیجے میں کئی فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ جھڑپوں کے دوران متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
الخلیل کے شمال میں حلحول قصبے میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ حلحول قصبے میں جھڑپ ہوئی۔ اس دوران قابض فورسز نے شہریوں پر براہ راست گولیاں اور اسٹن گرینیڈ فائر کیے، جس کے نتیجے میں ایک بچہ ٹانگ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔
نابلس میں اسرائیلی قابض فوج نے بدھ کے روز صبح سویرے نابلس شہرکے مشرقی علاقے پر دھاوا بول دیا اور آباد کاروں کے دھاوے اور ’مقام یوسف‘ پر ان کے بلوے کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے شہریوں کو ہراساں کیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فورسز نے “مقام یوسف” کے علاقے میں آباد کاروں کی دراندازی کو محفوظ بنانے کے لیے علاقے پر دھاوا بول دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے درجنوں آباد کاروں نے مزار پر دھاوا بولا اور وہاں تلمودی مذہبی رسومات ادا کیں۔