بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے الضاحیہ پرایک درجن سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب قابض فوج نے دارالحکومت میں واقع رفیق حریری ہسپتال پر بمباری کی ہے۔
بمباری سے قبل اسرائیلی فوج نے ان مقامات پر موجود تمام عمارتوں کوفوری طور پر خارلی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ کم از کم 13 حملوں میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں مختلف محلوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی علاقے الضاحیہ میں پہلی بار الاوزاعی کے مقام پر اسرائیلی طیاروں سے حملہ کیا۔ لبنانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے آغاز کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ سمندر کے کنارے اس محلے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں حارہ حریک، الحدث اور مضافات میں دیگر محلوں کو نشانہ بنایا۔
لبنانی نیوز ایجنسئ کے مطابق فضائی بمباری میں “الجناح کے علاقے میں رفیق حریری یونیورسٹی ہسپتال کے آس پاس کے علاقے” کو نشانہ بنایا جو کہ لبنان کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے۔
لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ بیروت کے جنوبی الضاحیہ کے مضافات میں واقع ملک کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال کے آس پاس کے علاقے پر اسرائیلی حملے میں ایک بچے سمیت چار افراد مارے گئے
اس نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ حریری ہسپتال کے آس پاس کے علاقے میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک بچے سمیت 4 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے اور ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا۔