رام اللہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) کلب برائے فلسطینی اسیران نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے موجودہ جارحیت کے آغاز سے ہی شمالی مغربی کنارے کے جنین اور طولکرم میں گرفتاری اور فیلڈتفتیشی مہمات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ان کارروائیوں کے ساتھ گرفتاریوں کی منظم پالیسی میں توسیع کی گئی ہے۔
پریزنرز کلب نے ایک پریس ریلیز میں وضاحت کی کہ جنین اور اس کے کیمپ اور طولکرم اور اس کے کیمپوں میں گرفتار کئے جانے والوں کی مجموعی تعداد تقریباً 365 ہے جن میں بچے، خواتین، جوان، زخمی اور بوڑھے شامل ہیں۔
اسیران کلب نے بتایا کہ جنین اور اس کے کیمپ میں 35 دنوں کی جارحیت کے دوران 200 سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ 29 دنوں کے دوران طولکرم میں کم از کم 165 فلسطینی گرفتار کیے گئے۔
کلب نے بتایا کہ یہ بڑھتی ہوئی گرفتاریاں ، ماورائے عدالت قتل ، شہریوں پر براہ راست گولیاں مارنے اور شدید مار پیٹ کے ساتھ ساتھ گھروں کو فوجی بیرکوں میں تبدیل کرنے، اور ان میں سے کچھ کو دھماکوں سے اڑانے یا جلانے کے جرائم کے ساتھ ہو رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غاصب اسرائیل کی جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک قابض فوج نے 14,500 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں درجنوں فلسطینی مزدوروں کے علاوہ غزہ کی پٹی کے ہزاروں افراد کو جبری اغوا کرنے کے بعد انہیں نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا۔