بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ہفتے کے روز قابض اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی کی 6 خلاف ورزیاں کیں جس سے 32 روز قبل معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک کی خلاف ورزیوں کی کل تعداد 325 ہو گئی۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ خلاف ورزیاں جنوبی لبنان کی نبطیہ گورنری، مرجعیون اور بنت جبیل کے اضلاع، الصور گورنری اور دیگر مقامات پر کی گئیں۔ ان میں مکانات کو دھماکے سے اڑانا اور جلانا، مشین گنوں سے فائرنگ، تخریب کاری، اور ماہی گیروں کی بندرگاہ کا سامان چوری کرنے جیسی وارداتیں شامل ہیں۔
ضلع مرجعیون میں قابض فوج نے کفر قلعہ قصبے میں گھروں پر بمباری کی دو لہریں جاری کیں اور طیبہ کے قصبے میں اسرائیلی فوجیوں نے نذرآتش کرنے سے پہلے گھروں کی تلاشی لی طیبہ اور قنطارا کے قصبوں کے اطراف کو بھی مشین گنوں سے گھیر لیا۔
بنت جبیل میں اسرائیلی فوج نے سرحدی قصبے یارون میں گھروں پر بمباری کی اور ضلع صورمیں اسرائیلی فوجیوں نے ناقورہ قصبے میں ماہی گیروں کی بندرگاہ سے توڑ پھوڑ کی اور سامان چوری کیا۔
لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 27 نومبر کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کے بعد سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے 319 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 4,063 افراد شہید اور 16,663 زخمی ہوئےتھے جن میں بچوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ اس کے علاوہ تقریباً 1.4 ملین افراد بے گھر ہوئے۔