بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے مسلسل 57 ویں روز لبنان پر اپنی خونریز جنگ جاری رکھتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں پر درجنوں فضائی حملے کیے ہیں اور توپ خانے سے شدید گولہ باری کی ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے قابض فوج کی زمینی دراندازی کے خلاف بھرپور مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہے۔
لبنانی دارالحکومت بیروت میں مار الیاس اسٹریٹ پر الیکٹرانک آلات فروخت کرنے والے ایک اسٹور پر اسرائیلی فضائی حملے میں اتوار کی شام ایک شخص شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “بیروت میں مار الیاس اسٹریٹ پراسرائیلی دشمن کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔”
عینی شاہدین نے کہا کہ فضائی بمباری میں مار الیاس اسٹریٹ پر الیکٹرانک آلات اور کمپیوٹر فروخت کرنے والے ایک اسٹور کو نشانہ بنایا گیا جو بیروت کے قلب میں رہائشیوں سے بھرا ہوا علاقہ ہے۔
راس النباء کے علاقے پر فضائی حملے کے بعد اتوار کو بیروت کو نشانہ بنانے والا یہ دوسری اسرائیلی بمباری ہے۔
وزارت صحت نے اعلان کیا کہ “ضلع صور کے دیہات پر قابض اسرائیلی دشمن کے حملوں کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور 48 زخمی ہوگئے”۔
گذشتہ رات قابض فوج نے توپ خانے سے جنوبی لبنان کے ضلع صورکے شہر صوردبہ کے مضافات میں براہ راست بمباری کی۔ جب کہ ایک فضائی حملے میں تول کے علاقے نبطیہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
توپ خانے کے کئی گولے برج الملوک کے مضافات میں مرجعون کے میدان کی طرف گرے اور دیگر برج الملوک کے مضافات میں دارالحسد کے اطراف میں گرے۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے المروانیہ اور الزرعیہ کے مضافات، کوثریہ السیاد اور حمین الطحطہ پر حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے جنوب میں واقع شہر صور پر فضائی حملے کے ساتھ ساتھ شہابیہ قصبے پر ایک سے زیادہ حملے کیے ہیں۔ خیام شہر پر نئے حملوں کی اطلاعات ہیں۔