رام اللہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی جہاد نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ایک فلسطینی مزاحمت کار کو قابض صہیونی فوج کے حوالے کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قوم کے ساتھ غداری کے مترادف قرار دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روزفلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ایک فلسطینی شہری کو رام اللہ کے مغرب میں واقع دیر قدیس قصبے میں ایک بہادرانہ کارروائی کرنے کے بعد اسے گرفتار کیا اور اسے قابض صہیونی فوج کے حوالے کردیا۔
اسلامی جہاد کی رطرف سے جاری ایک بیان میں جماعت نے کہا ہےکہ ’’یہ شرمناک رویہ فلسطینی اتھارٹی کی ایجنسیوں اور قابض دشمن کے درمیان نام نہاد سکیورٹی کوآرڈینیشن کے خطرے کی حد کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں اور تمام قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ “اس رویے کی مذمت کریں اور اس مجرمانہ کارروائی کے بعد فلسطینی اتھارٹی کوآئندہ اس طرح کے اقدامات سے روکنے کے لیے اس پر دباؤ ڈالیں۔
عبرانی چینل 14 نے رپورٹ کیا کہ ” کل سوموارکو فلسطینی اتھارٹی نے رام اللہ کے مغرب میں واقع مودیعین الیت بستی کے قریب دیر قدیس قصبے میں ہونے والے چاقو سے حملے کےذمہ دار کو اسرائیل کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب شمالی مغربی کنارے میں قلقیلیہ کے مشرق میں واقع بستی “کیدومیم” کے قریب کل فلسطینی بندوق برداروں کی جانب سے فائرنگ کے حملے میں 3 آباد کار ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔