آج عراق کے صدر “عبداللطیف جمال رشید” نے بغداد پیلس میں فلسطینی سفیر “احمد عاقل” کی میزبانی کی۔ اسی حوالے سے عراق کے صدارتی دفتر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ ملاقات فلسطین کی تازہ ترین سیاسی و حفاظتی صورتحال کے پیش نظر انجام پائی۔ اس دوران عبداللطیف جمال رشید نے فلسطینی عوام کی باہمی کوششوں کی حمایت کے لئے بغداد کے ٹھوس موقف کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطین کاز کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ عالمی برادری پر فلسطین کی حمایت کے لئے دباؤ بڑھایا جائے۔ عبداللطیف جمال رشید نے کہا کہ عراق، جنین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت و زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔ دوسری جانب بغداد میں فلسطینی سفیر “احمد عاقل” نے فلسطین کاز کے حوالے سے عراق کے موقف کو سراہا اور عراق کی جانب سے اسرائیل مظالم کی مذمت کو اپنے لئے باعث افتخار قرار دیا۔ انہوں نے عراقی صدر کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی ترجمانی پر شکریہ ادا کیا۔