تہران (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے زور دے کر کہا ہے کہ تہران اسرائیلی دشمن کے حالیہ میزائل حملوں کے جواب میں ایران کے خلاف کسی بھی حملے کا “طاقت، مضبوطی اور جرات” کے ساتھ جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران مزاحمتی محاذ کی حمایت جاری رکھے گااور فلسطین اور لبنان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
جنرل حسین سلامی کے بیانات آج پیر کے روز ان کے ایک مکتوب میں سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے پاسداران انقلاب کی فضائی افواج کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو کل اتوار کو ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جانب سے تمغہ فتح حاصل کرنے کے موقع پر مبارکباد دینے کے لیے لکھا تھا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے مزید کہا کہ یہ آپریشن “کامیاب، بااثر، روشن اور فتح مند” تھا۔مزاحمتی محاذ کے شہداء کا بدلہ لینے اور صہیونی ریاست کو سزا دینے کے لیے” یہ ایک بہترین حملہ تھا۔ ان کا اشارہ یکم اکتوبر کو ایران کی طرف سے اسرائیل پر کیےگئے حملے کی طرف تھا۔