صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمن کی انصار اللہ تنظیم کے رہنما عبدالملک الحوثی نے عہد کیا ہے کہ گروپ کی کارروائیاں “یمن پر امریکی جارحیت کے باوجود بغیر کسی ہچکچاہٹ یا پسپائی کے فلسطین کی حمایت جاری رہیں گی”۔
ایک ٹی وی خطاب میں الحوثی نے کہاکہ “ہم اپنے اصولی، عقیدے پر مبنی، انسان دوستی اور اخلاقی موقف پر ثابت قدمی کا اعادہ کرتے ہیں۔امریکی جارحیت کے باوجود فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کرتے ہیں، بغیر کسی ہچکچاہٹ یا پسپائی کے جو پورے ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے کے بعد کشیدگی کے ایک نئے دور میں واپس آ گئی ہے۔ قابض صہیونی جارحیت کی مجرمانہ دہشت گردی کے باوجود کا شکار فلسطینیوں کی مدد ہمارا فرض ہے”۔
ان کا کہنا تھا کہ “امریکہ کے ساتھ شراکت میں اسرائیلی دشمن کا جارحانہ راستہ ایک واضح مقصد کی طرف جاتاہے۔ وہ فلسطینی کاز کو ختم کرنے اور فلسطینی عوام کو فلسطینی سرزمین سے بے گھر کرنے کے مشن پر چل رہا ہے”۔
عبدالملک الحوثی نے مزید کہا کہ “یہ امریکیوں اور اسرائیلیوں کے اعلان کردہ بیانات اور موقف میں واضح ہے۔ یہ محض الزامات یا ارادوں کی بات نہیں ہے”۔
انہوں نے مزید کہاکہ “یہ غزہ کی پٹی پر جاری جارحیت، نسل کشی، جامع تباہی، فاقہ کشی، اور پانی سے محرومی کے ذریعے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی دشمن کے جارحانہ اور مجرمانہ طرز عمل سے بھی عیاں ہے”۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ یمنی عوام نے فلسطینی عوام کی ہر سطح پر حمایت کے لیے ایک جامع کارروائی کی ہے اور اسرائیلی دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بحری کارروائیوں اور مقبوضہ فلسطین پر سیکڑوں بیلسٹک میزائلوں، ڈرونز اور ہائپرسونک میزائلوں سے بمباری کے ذریعے فوجی تعاون کیا ہے۔