غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قیادت کونسل کے سربراہ محمد درویش کی سربراہی میں جماعت کی قیادت کے ایک وفد نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی اور اسرائیلی فوجی جارحیت کو روکنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک کے وفد نے ترکیہ کے دارالحکومت کے دورے کے دوران دوسرے روز بھی اپنی سرکاری ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ قبل ازیں انہوں نے ہفتے کے روز وزیر خارجہ فدا ن سے ملاقات کی تھی۔
حماس کی قیادت کے وفد نے اس سے قبل ترک انٹیلی جنس کے سربراہ ڈاکٹر ابراہیم قالن سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی کوششوں اور حماس کے ایک جامع معاہدے کے وژن پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں قیدیوں کا تبادلہ، جنگ بندی، تعمیر نو اور غزہ کی ناکہ بندی کا خاتمہ شامل ہے۔
حماس کے وفد نے نیتن یاہو حکومت کی قیادت میں نسل کشی، فاقہ کشی اور نقل مکانی کی کوششوں کے جاری جرائم پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر فیدان نے غزہ کی امداد روک کر فلسطینی عوام پر قحط مسلط کرنے کی قابض ریاست کی مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ” بین الاقوامی برادری سے غزہ کی پٹی میں محصور لوگوں تک امداد اور خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے جمہوریہ ترکیہ کی طرف سے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کے قابض اسرائیلی دشمن کی کوششوں کو بھی مسترد کردیا۔