مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنان سے فائر کیا گیا ایک میزائل بالائی الجلیل میں واقع مطلہ بستی پر گرنے کے نتیجے میں پانچ اسرائیلی ہلاک ہو گئے، جب کہ قابض فوجی ریڈیو نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے پانچوں میں چار غیر ملکی مزدور اور ایک اسرائیلی تھا۔
اسرائیلی ایمبولینس نے ایک ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ لبنانی سرزمین سے مطلہ کی جانب میزائل حملے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک کی حالت تشویشناک بیان کی گئی تھی۔ بعد ازاں ان کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا۔
یہ واقعہ مطلہ بستی کے زرعی علاقوں پر لبنانی سرزمین سے فائر کیے گئے گولوں اور میزائلوں سے دو اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کے ایک دن بعد پیش آیا۔
اس کے علاوہ اسرائیلی چینل 14 نے اطلاع دی ہے کہ کرمیل میں ایک عمارت کو گولہ باری سے نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب حزب اللہ اسرائیلی بستیوں اور شہروں کی جانب اپنے میزائل حملے تیز کر رہی ہے۔
لبنان میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ سات اکتوبر 2023ء سے جاری ہے مگر 23 ستمبر کو قابض فوج کی طرف سے حملوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 2,710 شہید اور 12,592 زخمی ہوئے، جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی ہے۔ تقریباً 14 الاکھ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔