اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ مصری انٹیلی جنس سروس کے حکام کی دعوت پر آئندہ ہفتے قاہرہ کا دورہ کریں گے۔
ایک پریس بیان میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بتایا کہ یہ دورہ دونوں فریقین کے درمیان مسلسل رابطے کا ایک حصہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس دورے کا مقصد مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے ماورائے عدالت ہلاکتوں کے علاوہ مسجد اقصیٰ اور دیگر اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں بات چیت کرنا ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز اسلامی جہاد موومنٹ نے اعلان کیا تھا کہ تحریک کے سیکرٹری جنرل زیاد النخلہ کی سربراہی میں رہنماؤں کا ایک وفد آئندہ ہفتے قاہرہ کا دورہ کرے گا۔
نیو عرب اخبار کے مطابق مصری جنرل انٹیلی جنس سروس نے حماس کے رہنماؤں کو غزہ کی پٹی میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور یروشلم اور مغربی کنارے میں کشیدگی کم کرنے کے عمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے قاہرہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔
یہ دورہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے قاہرہ، رام اللہ اور تل ابیب کے حالیہ دوروں کے بعد رکھا گیا۔ ہے۔ حالیہ دنوں فلسطینی قیدیوں کے خلاف بڑھتے ہوئی اسرائیلی مظالم بھی اس دورے کا اہم محرک ہیں۔
واضح رہے کہ مصر ماضی میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں اور اسرائیل کے درمیان ثالثی میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔