غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے القسام بریگیڈز کےسربراہ محمد الضیف شہید اور ملٹری کونسل کے دیگر اراکین کی شہادت کے اعلان کے بعد ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
حماس نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ ’’ہمارے فلسطینی عوام ، ہماری عرب اور اسلامی اقوام کے فرزند مزاحمت کے عظیم شہداء کے ساتھ وفاداری کرتے ہوئے سرفہرست القسام بریگیڈ کے چیف آف اسٹاف شہید مجاہد رہ نما محمد ضیف اور ان کے ساتھ شہید ہونےوالے رفقاء کی غائبانہ نماز جنازہ جنازہ ادا کریں۔ حماس کا کہنا ہے کہ الضیف اور دیگر کمانڈروں نے مسجد اقصیٰ ، بیت المقدس کے تقدس اور فلسطین کی آزادی پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ ان سےعقیدت اور محبت کا اظہار ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
حماس نے مزید کہا کہ جماعت آپ سے آج فلسطین اور دنیا بھر کی تمام مساجد اور اسلامی مراکز میں نماز جمعہ کے بعد شہدائے فلسطین کی ارواح کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی دعوت دیتی ہے”۔
قبل ازیں حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے القسام بریگیڈ کے کمانڈر انچیف محمد ضیف “ابو خالد” کی شہادت کا اعلان کیا۔
ابو عبیدہ نے ایک بیان میں کہا “تمام تر نشانیوں، فخراور غیرت کے ساتھ اور تمام ضروری طریقہ کار کو مکمل کرنے اور جنگ اور میدان کے حالات کی طرف سے عائد تمام حفاظتی احتیاطوں سے نمٹنے کے بعد اور ضروری تصدیق کے بعد تمام متعلقہ اقدامات اٹھاتے ہوئے القسام بریگیڈز کی ملٹری کونسل کے سرکردہ اپنے عظیم بہادر کمانڈروں اور عظیم مجاہدین اور بہادر رہنماؤں کی شہادت کا اعلان کرتی ہے۔