غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’ حماس‘ حماس نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل کا غزہ کی پٹی میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کا مقصد انہیں دہشت زدہ کرنا اور انہیں حق بات تک پہنچانے اور فلسطینی عوام کے خلاف قابض فوج کے قتل عام کو بے نقاب کرنے سے روکنا ہے۔
پیر کو جاری کردہ ایک بیان کی نقل مرکز اطلاعات فلسطین کو موصول ہوئی ہے۔ایک بیان میں حماس نے الجزیرہ مباشر کے نامہ نگار حسام شبات اور فلسطین ٹوڈے کے نامہ نگار شہید صحافی محمد منصور کے جان بوجھ کر قتل کی مذمت کی ہے۔ ان دونوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے جرائم کی کوریج کر رہے تھے۔
حماس نے بین الاقوامی پریس اور میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جرائم کو بے نقاب کرنے اور فلسطینی صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، جن میں سے اب تک 208 صحافی صہیونی قتل مشین کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔
حماس نے غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائی کے دوران قربانیاں دینے اور ان خطرات کے باوجود اسرائیلی دہشت گردی کی کوریج کرنے کی جرات کو سراہا۔