غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں حملہ کرکے ٹینک سمیت اسرائیلی فوج کی 4گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے بیروت کے ہریری اسپتال کے قریب فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4شہری شہید اور 29 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب غزہ میں بمباری سے مزید 41 فلسطینی شہید ہوئے اور اسی طرح جبالیہ میں بھی 33 فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔
حماس نے جبالیہ میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا ،اور ٹینک سمیت اسرائیلی فوج کی 4گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
حماس کا دعویٰ ہے کہ اس حملےکے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 18روز سے جاری محاصرے کے دوران سیکڑوں فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، جنوری میں اسرائیل نے شمالی غزہ اور جبالیہ میں حماس کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خصوصاً جبالیہ کو دوبارہ محاصرے میں لے رکھا ہے۔
اقوام متحدہ اور فلسطینی حقوق کی تنظیموں کو خدشہ ہے کہ اسرائیل کا مقصد اس علاقے کو فلسطینیوں سے خالی کرانا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اکتوبر 2023 سے اب تک 42 ہزار 600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ 99 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔