دمشق (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) شام کے حلب صوبے کے شمال مشرق میں شہر منبج میں آج پیر کے روز ہائی وے پر ہونے والے ایک زور دار کار بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر افراتفری اور خوف کا ماحول تھا۔ اس دوران میں ایمبولینس کی گاڑیاں دھماکے کے مقام کی سمت روانہ ہو گئیں۔
شامی شہری دفاع کے مطابق منبج شہر کے اطراف مرکزی شاہراہ پر ہونے والے دھماکے میں 15 افراد جن میں 14 خواتین اور ایک مرد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد زراعت کے کام سے وابستہ ہیں جو دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہے تھے۔
زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
منبج میں کئی ہفتوں سے ترکیہ کے حامی مسلح گروپوں اور کرد فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ یہ دھماکا “نیشنل آرمی” کے زیر اثر علاقے میں ہوا ہے جو ترکیہ کے حمایت یافتہ گروپوں میں سے ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں ترک حمایت یافتہ مسلح گروپوں کے زیر کنٹرول علاقے میں ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا چھٹا دھماکا ہے۔
شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ المرصد نے یکم فروری کو بتایا تھا کہ منبج شہر میں مسلح گروپوں کے ایک عسکری ٹھکانے کے نزدیک دھماکا خیز مواد سے بھڑی گاڑی کے دھماکے میں 9 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔